
خلیج اردو
اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سی این این کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی اور عدم استحکام کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے، جسے طویل عرصے تک لٹکائے رکھنا خطے اور دنیا کے لیے نقصان دہ ہے۔
اسحاق ڈار نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدر مارکوروبیو نے انہیں فون کیا اور کہا کہ بھارت جنگ بندی پر آمادہ ہے، کیا پاکستان بھی تیار ہے؟ اسحاق ڈار نے کہا کہ میں نے واضح جواب دیا کہ اگر بھارت دوبارہ جارحیت کا آغاز نہ کرے تو ہم بھی حملہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے میزائل داغنے کے تین دن بعد پاکستان نے جوابی حملے کیے، جس کے بعد عالمی برادری حرکت میں آئی۔ ڈار کے مطابق پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائیوں کے بعد امریکا سمیت دنیا کے بعض ممالک کو احساس ہوا کہ کشیدگی قابو سے باہر جا سکتی ہے اور اگلا قدم تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فضائیہ کے ساتھ جو کچھ پیش آیا وہ پوری دنیا نے دیکھا، اور پاکستان نے اپنے دفاع میں جو قدم اٹھایا، وہ قومی سلامتی کی ضرورت اور خطے میں امن کے قیام کے لیے ناگزیر تھا۔






