
خلیج اردو
اسلام آباد، 14 مئی 2025: وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن بنیان المرصوص کی شاندار کامیابی کا کریڈٹ پاک فوج کے سپہ سالار کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف نے دانشمندی اور حکمت عملی سے جنگ کی منصوبہ بندی کی جس کی بدولت پاکستان نے دشمن کو فیصلہ کن شکست دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے پر غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی مگر بھارت نے دانستہ طور پر اس سے راہ فرار اختیار کی اور بے گناہ شہریوں پر کھلی جارحیت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے دشمن کی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا اور بھارت کو جھوٹے بیانیے، تکبر اور جارحیت پر بھرپور جواب ملا۔
وزیراعظم نے عظیم فتح اور بہادر افواج کو قوم کے غیرمتزلزل عزم کے ساتھ مادر وطن کا دفاع کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ یاد رکھے گی کس طرح چند گھنٹوں میں دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا گیا اور یہ کامیابی رہتی دنیا تک تاریخ کے سنہرے باب کا حصہ بنے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ جنگ جس طرح پاکستان نے لڑی اور جیتی اس پر کتابیں لکھی جائیں گی اور پاکستانی افواج نے بھارت سے 1971 کا بدلہ لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہے اور مودی کو متنبہ کیا کہ کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرانے والے مودی کو ہمیں بھاشن دینے کا کوئی حق نہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہم نے مکّار دشمن کو سزا دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسٹر مودی ہم امن چاہتے ہیں، اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت کی تھانے داری کا خواب چکنا چور ہو گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم تھانے دار نہیں، خطے میں ترقی اور خوشحالی کے داعی ہیں اور مربوط ڈائیلاگ ہوں گے، میٹھا میٹھا نہیں کھانے دیں گے۔ مودی کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھاشن اپنے پاس رکھیں، دوبارہ یہی راستہ اپنایا تو منہ کی کھاؤ گے، اور اگر بھارت نے حملہ کرنے کا سوچا تو باقی جو بچا ہے وہ بھی ختم ہو جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم امن کے داعی ہیں، آئیں مل کر خطے میں امن لائیں، بھارت نے نیلم جہلم ڈیم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، اگر کچھ ہوتا تو بھارت کے تمام ڈیمز تباہ کر دیتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنگ اور امن دونوں کے لیے تیار ہیں، چوائس آپ کی ہے۔






