پاکستانی خبریں

جنگ یا امن، مرضی مودی کی لیکن ہماری تیاری دونوں کیلئے ہے،وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا بھارت کو دوٹوک پیغام، ہم امن اور جنگ دونوں کیلئے تیار ہیں

خلیج اردو
سیالکوٹ، 14 مئی 2025: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیالکوٹ میں افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کو دوٹوک انداز میں خبردار کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اسے کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم جنگ اور امن دونوں کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی ہمیں بھاشن نہ دیں، ہم نے حساب چکتا کر دیا ہے اور آئندہ بھی جارحیت پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے آپریشن بنیان المرصوص کی شاندار کامیابی کا کریڈٹ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل آصف غفور کو دیتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف نے دانشمندی اور حکمت عملی سے جنگ کی منصوبہ بندی کی، جس کی بدولت پاکستان نے دشمن کو فیصلہ کن شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے پر غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی لیکن بھارت نے راہ فرار اختیار کی اور بے گناہ شہریوں پر کھلی جارحیت کی، جس کا افواج پاکستان نے فوری اور منہ توڑ جواب دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کو جھوٹے بیانیے، تکبر اور جارحیت پر بھرپور جواب ملا، قوم اور افواج نے مل کر دشمن کی جارحیت کو چند گھنٹوں میں ناکام بنایا اور یہ کامیابی تاریخ کے سنہرے باب میں شامل ہو گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس جنگ پر کتابیں لکھی جائیں گی اور پاکستانی افواج نے بھارت سے 1971 کا بدلہ لے لیا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کرانے پر بھارتی وزیراعظم کو خبردار کیا کہ کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہوں، پاکستان کو بھاشن دینے کا کوئی حق نہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہم نے مکّار دشمن کو سزا دی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسٹر مودی ہم امن چاہتے ہیں لیکن بھارت کی تھانے داری کا خواب چکنا چور ہو چکا ہے۔ ہم خطے میں ترقی اور خوشحالی کے داعی ہیں لیکن کسی کو تھانے دار بننے نہیں دیں گے، مودی اپنے بھاشن اپنے پاس رکھیں، اگر دوبارہ جارحیت کی تو منہ کی کھاؤ گے اور اگر بھارت نے حملہ کرنے کا سوچا تو باقی جو بچا ہے وہ بھی ختم ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے نیلم جہلم ڈیم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، اگر کچھ ہوتا تو بھارت کے تمام ڈیمز تباہ کر دیتے۔ وزیراعظم نے دوٹوک کہا کہ پانی ہماری ریڈ لائن ہے اور اس حق سے ہم کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن کے داعی ہیں، آئیں مل کر خطے میں امن لائیں لیکن چوائس بھارت کی ہے، ہم دونوں راستوں کے لیے تیار ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button