
خلیج اردو
پشاور، 14 مئی 2025: خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان ملک کے لیے معاف کرنے اور مذاکرات کے لیے تیار ہیں، لیکن جو لوگ انا اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں وہ درحقیقت پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بجٹ سر پر ہے اور پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات ناگزیر ہو چکی ہے تاکہ ان کے ویژن کے مطابق بجٹ تشکیل دیا جا سکے، لیکن افسوس کہ انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت شدید سیاسی بے یقینی کا شکار ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کاری نہیں ہو رہی، اس لیے اب وقت آ گیا ہے کہ ذات اور انا سے باہر نکل کر پاکستان کے مفاد میں فیصلے کیے جائیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر سیف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی کے موقع پر پوری قوم متحد ہو چکی ہے، اور اس اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے بانی پی ٹی آئی پر قائم تمام سیاسی مقدمات کا فوری خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے۔






