
خلیج اردو
لندن: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے برطانیہ میں تمام کاروبار مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں اور ان کی تمام کمپنیاں تحلیل کر دی گئی ہیں۔ حسن نواز، جو کہ برطانیہ میں سات مختلف کمپنیوں کے ڈائریکٹر تھے، اب کسی بھی کمپنی سے وابستہ نہیں رہے۔
برطانوی حکام نے حسن نواز کو پہلے ہی ٹیکس ڈیفالٹر قرار دیا تھا اور ان پر 5.2 ملین پاؤنڈز کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ اپریل 2024 میں انہیں دیوالیہ قرار دے دیا گیا تھا، جس کے بعد ان کی مالی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔
حسن نواز کی بڑی کمپنی ‘فلیگ شپ انویسٹمنٹس لمیٹڈ’ کو تحلیل کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق 20 مئی سے ہوگا۔ اسی طرح ان کی 2007 سے فعال کمپنی ‘کوئینٹ پیڈنگٹن لمیٹڈ’ بھی 20 مئی کو تحلیل کر دی جائے گی۔
ان کی چار مزید کمپنیاں 3 دسمبر 2024 کو تحلیل ہوئیں، جبکہ ایک کمپنی دسمبر 2016 میں بند کر دی گئی تھی۔
موجودہ صورتحال کے بعد نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز برطانیہ میں کسی بھی کمپنی کے ڈائریکٹر نہیں رہے، جبکہ ان کے بھائی حسین نواز کی بھی کوئی کاروباری سرگرمی یا کمپنی ڈائریکٹر شپ برطانیہ میں موجود نہیں۔






