
خلیج اردو
اسلام آباد – ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چودھری نے ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی "انادولو” کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار ملک ہے، اور اس دہشت گردی کی پشت پناہی اور حوصلہ افزائی بھارت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے، لیکن بھارت اسے حل کرنے کی بجائے اندرونی مسئلہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں ہو رہا ہے وہ بھارتی جبر کا نتیجہ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، لیکن اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی تو پاکستان کا ردعمل نہایت تیز اور مؤثر ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ "بھارت امریکہ نہیں اور پاکستان افغانستان نہیں ہے، بھارت اسرائیل نہیں اور پاکستان فلسطین نہیں ہے۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی تسلط کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا، اور بھارت کو جتنی جلدی اس حقیقت کا ادراک ہوگا، اتنا ہی علاقائی اور عالمی امن کے لیے بہتر ہوگا۔
انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت، پہلگام واقعہ میں پاکستان کو مورد الزام ٹھہراتا رہا مگر کوئی بھی قابلِ قبول ثبوت پیش نہ کر سکا۔ جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والی بی ایل اے نے کھلے عام بھارت سے فوجی مدد کی درخواست کی، اور نئی دہلی میں بعض سیاستدانوں اور ریٹائرڈ جنرلوں نے اس تنظیم کی حمایت میں بیانات دیے۔
حالیہ کشیدگی کے حوالے سے انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے جن میں تین رافیل طیارے شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ "پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان نے بھارتی طیارے مار گرائے، مگر بھارت آج تک اس حقیقت کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔






