
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی حکومت، معیشت، آئی ایم ایف اور عمران خان کے مقدمات پر شدید تنقید کی۔
علی امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت عمران خان کی "وصیت” کے مطابق چل رہی ہے اور واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کے اہداف مکمل کیے، جس پر آئی ایم ایف نے باقاعدہ تسلیم بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے پاس 200 ملین کا سرپلس ہے جبکہ سندھ اور وفاقی حکومت اس حوالے سے مکمل ناکام ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ "سارے فارم 47 والے ہیں” مگر فیڈرل گورنمنٹ نے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر قرضوں پر انحصار کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بجٹ کی شروعات ہی قرضوں سے کی جا رہی ہے۔
ریڈ زون کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ "ریڈ زون کے ایس او پیز بنے ہوئے ہیں، ہم سیاسی جماعت ہیں، ہمیں عمران خان نے ایک سوچ دی ہے”۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی نے کسی کو احتجاج سے نہیں روکا، جے یو آئی کے پانچ جلسے ہوئے، ہم نے سیکیورٹی دی۔
عمران خان پر مقدمات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "عمران خان کے اوپر کوئی کیس نہیں، بے گناہ کو جیل میں ڈالا ہوا ہے”۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "ان کو شرم آنی چاہیے جو مینڈیٹ چوری کر کے بیٹھے ہیں۔”
علی امین گنڈاپور نے طاقتور حلقوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "جن کے حکم پر یہ سب چل رہا ہے، انہوں نے ہی ماضی میں ملک میں مارشل لاء نافذ کیے، تباہی وہیں سے شروع ہوئی۔” ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کی جنگ ہے تو لڑیں، اور جیتنے پر مبارک ہو، مگر آپ کا کام سیاست میں مداخلت نہیں۔






