پاکستانی خبریں

وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسمی طوفان، نظام زندگی درہم برہم

خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اچانک سیاہ بادل چھا گئے، تیز آندھی اور موسلا دھار بارش نے دن میں رات کا سماں پیدا کر دیا۔ مسلسل ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی تیز ہواؤں نے درخت، بل بورڈز اور سولر پینل تک اکھاڑ دیے۔ آبپارہ میں ایک درخت گاڑیوں پر آ گرا، جس سے شدید مالی نقصان ہوا، تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

اسلام آباد کے بلو ایریا، ایف سیون، ایف الیون اور جی ٹن سمیت متعدد علاقوں میں درخت گرنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ شہر بھر میں بجلی کا نظام بھی وقتی طور پر معطل رہا۔

اٹک میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ حضرو میں ریت کے طوفان نے حد نگاہ کو محدود کر دیا، ڈھوک راحمو میں آندھی سے دیوار گرنے سے تین بچے شدید زخمی ہوئے، شمس آباد میں کچی چھت گرنے سے 22 سالہ خاتون زخمی ہوئیں، جبکہ حسن ابدال کے صرافہ بازار میں دیوار گرنے کا واقعہ پیش آیا۔ ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی مانکی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ دو افراد، جن میں ماں اور ایک بچی شامل ہیں، زخمی ہوئے۔

تربیلا غازی میں مٹی کے طوفان اور بارش نے تباہی مچا دی۔ سٹالز اکھڑ گئے، خیمے اور ترپالیں اُڑ گئیں، جس سے دکانداروں کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ موضع الدو میں مکان کی دیوار گرنے سے ایک بچہ شوال ولد عرفان جاں بحق جبکہ دو بچے شدید زخمی ہو گئے۔

بالاکوٹ اور وادی کاغان میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ بابوسر ٹاپ پر برفباری سے موسم جنوری جیسا ہو گیا ہے۔ سیاح برفباری سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے جبکہ بالائی علاقوں میں موسم نہایت خوشگوار ہو گیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button