عالمی خبریں

لُفتھانزا کا تل ابیب کے لیے پروازوں کی بحالی کا اعلان، 23 جون سے پروازیں شروع ہوں گی

خلیج اردو
جرمنی کی فضائی کمپنی لُفتھانزا گروپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 23 جون سے اسرائیل کے شہر تل ابیب کے لیے پروازیں بحال کرے گا۔ یہ پروازیں گزشتہ ماہ علاقائی کشیدگی کے باعث معطل کی گئی تھیں۔

گروپ کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق لُفتھانزا، آسٹریئن ایئر لائنز، سوئس، برسلز ایئرلائنز، یورو ونگز، آئی ٹی اے اور لُفتھانزا کارگو پر ہوگا۔ تاہم آپریشنل وجوہات کی بنا پر پروازوں کی بحالی مرحلہ وار کی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ جامع سیکیورٹی تجزیے اور متعلقہ حکام سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

لُفتھانزا نے 4 مئی کو یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے کیے گئے راکٹ حملے کے بعد اسرائیل کے مرکزی ہوائی اڈے کے لیے پروازیں معطل کی تھیں۔ یہ راکٹ تل ابیب کے بن گوریون انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک کار پارک میں گرا، جس میں چھ افراد زخمی ہوئے۔ یہ پہلا موقع تھا جب کسی میزائل نے ایئرپورٹ کی حدود کو عبور کیا۔

واضح رہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے آغاز کے بعد سے حوثی باغیوں نے اسرائیل پر کئی بار میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔ مارچ میں دو ماہ کی جنگ بندی کے دوران حملے روک دیے گئے تھے، لیکن اسرائیلی فوجی کارروائی کے دوبارہ آغاز کے بعد حملے بھی بحال ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق گزشتہ دنوں میں بھی کئی راکٹ داغے گئے، جن میں سے اکثر کو دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button