
خلیج اردو
ایران نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ کیا تو ایران حاصل شدہ جوہری ڈیٹا اور معلومات کی بنیاد پر سخت جوابی کارروائی کرے گا۔ ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کا کہنا ہے کہ تہران نے اسرائیل کے خفیہ اور حساس جوہری مقامات سے متعلق اہم دستاویزات اور معلومات حاصل کر لی ہیں۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ صہیونی ریاست کی کسی بھی جارحیت کی صورت میں ایران اپنے مسلح افواج کے ذریعے اسرائیل کے حساس جوہری مراکز کو براہِ راست نشانہ بنائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ ایرانی جوہری پروگرام پر حملہ دراصل ایران کی خودمختاری پر حملہ تصور کیا جائے گا اور اس کا جواب غیر معمولی ہوگا۔
ایران کی جانب سے یہ سخت موقف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی پہلے ہی اپنے عروج پر ہے اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے مسلسل شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔






