
خلیج اردو
احمد آباد – لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گئی۔ حادثے کا شکار ہونے والی پرواز ایک بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر تھی، جس میں 230 مسافر اور 12 عملے کے ارکان سمیت مجموعی طور پر 242 افراد سوار تھے۔
حادثہ پیش آتے ہی جائے وقوعہ پر دھوئیں کے گھنے بادل چھا گئے، جبکہ امدادی ٹیمیں فوری طور پر حرکت میں آ گئیں۔ ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے اور شہر کے تمام بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ٹیک آف کے دوران ممکنہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا، تاہم حکام کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں مسافروں کو نکالنے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی جبکہ طیارے کے ملبے سے شدید آگ بھڑک اٹھی جسے قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں روانہ کی گئیں۔
ابھی تک جانی نقصان کی حتمی تصدیق نہیں کی گئی تاہم واقعہ سنگین نوعیت کا ہے، اور مسافروں کے اہل خانہ ایئرپورٹ اور اسپتالوں کے باہر جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔






