عالمی خبریں

اداکارہ فضا علی کے متنازع بیان پر تنقید، سہیل وڑائچ کا باوقار ردعمل

خلیج اردو
لاہور، 12 جون 2025: اداکارہ و گلوکارہ فضا علی کو سینئر صحافی سہیل وڑائچ سے متعلق متنازع بیان دینے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ فضا علی نے حالیہ دنوں دنیا نیوز کے پروگرام "آن دا فرنٹ” میں شرکت کی، جہاں انہوں نے تفریحی انداز میں مختلف صحافیوں کے ’متبادل پیشے‘ تجویز کیے، تاہم سہیل وڑائچ سے متعلق ان کا بیان حد سے تجاوز کر گیا۔

پروگرام کے میزبان کامران شاہد کے سوال پر گفتگو کرتے ہوئے فضا علی نے کہا: "اگر سہیل وڑائچ صحافی نہ ہوتے تو کسی مشہور ہوٹل یا ریسٹورنٹ میں واش روم صاف کر رہے ہوتے، کیونکہ وہ ہر عورت کے واش روم میں چلے جاتے ہیں۔”

یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جس کے بعد صارفین نے فضا علی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک صارف نے لکھا: "سہیل وڑائچ ایک اکیڈمی کی حیثیت رکھتے ہیں، خاتون ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ جو منہ میں آئے بولتی جائیں۔”

کئی افراد نے میزبان کامران شاہد کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے سوالات صحافتی معیار کے خلاف ہیں اور مہمانوں کو غیر سنجیدہ گفتگو پر اکسایا جاتا ہے۔

اس تمام معاملے پر سہیل وڑائچ نے انتہائی باوقار اور عاجزانہ ردعمل دیتے ہوئے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا: "میری حیثیت بیت الخلا صاف کرنے والوں سے بھی کم تر ہے، میں تو گلیوں کی وہ خاک ہوں جسے میاں محمد بخش نے ’گلیاں دا روڑا کُوڑا‘ کہا تھا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ: "میرے نزدیک بیت الخلا کی صفائی کوئی ذلت کی بات نہیں بلکہ دوسروں کی گندگی کو صاف کرنا ایک عظیم خدمت ہے۔”

سہیل وڑائچ کے اس باادب اور متوازن ردعمل کو صحافتی اور ادبی حلقوں میں بے حد سراہا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button