
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان نے ایران پر اسرائیلی فضائی حملے کو شدید الفاظ میں غیر قانونی اور بلاجواز قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی خودمختاری کی یہ کھلی خلاف ورزی اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً نفی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے، اور پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ اسرائیل کا یہ اقدام خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے، جس پر عالمی برادری کو فوری توجہ دینی چاہیے۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری مداخلت کرے اور اسرائیل کو اس جارحیت پر جوابدہ بنائے تاکہ مزید تباہی سے بچا جا سکے۔
نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے بھی اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی خاموشی اس خطے کو مزید کشیدگی کی طرف دھکیل سکتی ہے۔






