
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی غیرذمہ دارانہ اور تشویشناک اقدام قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ایرانی عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا حملہ پہلے سے غیر مستحکم خطے کو مزید عدم استحکام سے دوچار کر سکتا ہے۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اقدامات کرکے مزید جنگ کو روکے اور خطے میں امن یقینی بنائے۔
https://twitter.com/CMShehbaz/status/1933418673362120803
دوسری جانب وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ بیان میں اسرائیلی حملے کو غیرقانونی، بلاجواز اور ایرانی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق اسرائیلی اشتعال انگیز کارروائیاں علاقائی اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ اقوام متحدہ پر لازم ہے کہ وہ نہ صرف جارحیت کو روکے بلکہ عالمی قوانین کی حفاظت اور حملہ آور کو جوابدہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
اسی سلسلے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی اسرائیلی حملے کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قابلِ نفرت اقدام بین الاقوامی قانون کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دینے والا عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام نے انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ دیا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پیغام میں کہا ہے:
"میں ایران پر اسرائیل کے بلا اشتعال حملے کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ اس حملے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا المناک ضیاع ہوا اور یہ علاقائی استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ اس مشکل گھڑی میں ایرانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ہم تمام ذمہ دار ممالک اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشیدگی میں کمی کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔ تمام ممالک کو بین الاقوامی قانون کی پاسداری کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ جارحیت اور تنازعے کے بجائے امن و سلامتی کو فروغ دیا جا سکے۔
https://twitter.com/BBhuttoZardari/status/1933423094078530025






