پاکستانی خبریں

ڈی جی آئی ایس پی آر کی بیک چینل رابطوں کی تردید، فوج کو سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں: لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف

خلیج اردو
راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے واضح کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے فوج کے کسی قسم کے بیک چینل رابطے موجود نہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افواجِ پاکستان کو کسی سیاسی جماعت سے بات کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں، سیاسی معاملات سیاستدانوں کو خود ہی طے کرنے چاہییں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے زور دے کر کہا کہ "ہم صرف ریاست پاکستان سے بات کرتے ہیں، افواجِ پاکستان ریاست کے آئینی دائرے میں رہ کر کام کرتی ہیں۔” انہوں نے کہا کہ دہشتگرد بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے ہر منصوبے کو نشانہ بنا رہے ہیں اور ان کا روزگار بھارت کی طرف سے ملنے والے پیسوں پر چل رہا ہے، اسی لیے وہ مفروضے گھڑتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ دہشتگرد نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، لیکن ریاستی ادارے ان کے خلاف متحرک ہیں۔ "حکومت ہر دہشتگرد کو ٹریک کر رہی ہے، اور جہاں بھی دہشتگرد ہماری حدود میں آتے ہیں، انہیں فوری طور پر مار گرایا جاتا ہے۔” انہوں نے واضح کیا کہ حال ہی میں گوادر میں داخل ہونے والے دہشتگردوں کو بھی انجام تک پہنچایا گیا۔

افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احمد شریف نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے عبوری افغان حکومت کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر خارجی دہشتگردوں کو پناہ یا حمایت نہ دے۔

انٹرویو کے اختتام پر ترجمان پاک فوج نے بلوچستان کے حوالے سے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ "بلوچستان پاکستان ہے، اور پاکستان بلوچستان ہے۔ بلوچستان ہمارے سر کا تاج ہے، اور اس کے عوام مکمل طور پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button