
خلیج اردو
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ان شاءاللہ سچ بولتے رہیں گے اور بانی تحریک انصاف عمران خان کا سچ ان کے لیے ہمیشہ کڑوا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم کسی صورت پیچھے ہٹنے والے نہیں اور ڈٹ کر ان کا مقابلہ کریں گے۔
عمر ایوب نے کہا کہ اگر بانی تحریک انصاف عمران خان استعفے کا کہیں گے تو خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور ایک سیکنڈ کی بھی تاخیر نہیں کریں گے۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شاید پیپلز پارٹی اپنی تاریخ بھول گئی ہے، الذوالفقار ایک دہشت گرد تنظیم تھی جس کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا، اس لیے ہمیں حب الوطنی اور وفاداری کا سبق نہ دیا جائے۔
اپوزیشن لیڈر نے بجٹ اجلاس کے دوران انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کیے جانے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ روایت مسلسل جاری ہے کہ پارلیمنٹ میں اظہارِ رائے کو محدود کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ اس بجٹ کا نہ صرف "ڈیتھ سرٹیفیکیٹ” جاری کیا گیا بلکہ اسے "اٹیسٹ” بھی کر دیا گیا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حکومت کے پاس نہ وژن ہے اور نہ ہی عوامی مسائل کا کوئی حل۔






