پاکستانی خبریں

اسرائیلی حملے جاری، غزہ میں مزید 74 فلسطینی شہید، امدادی مراکز بھی نشانہ

خلیج اردو
غزہ:غزہ میں اسرائیلی بربریت رکنے کا نام نہیں لے رہی۔ تازہ ترین حملوں میں 74 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں 14 بے گھر شہری بھی شامل تھے جو امداد کے حصول کے لیے جمع ہوئے تھے۔ عرب میڈیا کے مطابق یہ سانحہ وسطی غزہ میں پیش آیا، جہاں امدادی سامان کے انتظار میں موجود فلسطینیوں پر اسرائیلی افواج نے براہ راست فائرنگ کی۔

غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق مئی 2025 سے اب تک اسرائیل کی جانب سے امدادی مراکز پر بمباری کے نتیجے میں 550 سے زائد فلسطینی شہید اور 4 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ مارچ میں اسرائیل کی طرف سے جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے اب تک 6 ہزار فلسطینی شہید اور 20 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

اب تک جاری جنگ میں شہدا کی مجموعی تعداد 56 ہزار 331 جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 33 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔

ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز سمیت متعدد بین الاقوامی تنظیموں نے اسرائیلی امدادی نظام کو متنازع اور مہلک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ درحقیقت امداد کے نام پر معصوم شہریوں کا قتل عام ہے۔ تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ یہ امدادی نظام فی الفور بند کیا جائے اور اقوام متحدہ کے ذریعے امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

علاقے میں صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید افسوسناک اور تشویشناک ہو رہی ہے، جبکہ عالمی برادری کی خاموشی پر بھی انسانی حقوق کی تنظیمیں سوال اٹھا رہی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button