
خلیج اردو
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور معروف کرکٹر ثناء میر نے ملاقات کی، جس میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ہال آف فیم میں شامل کیے جانے پر وزیراعظم نے انہیں مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ثناء میر کی قیادت میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ثناء میر اپنے تجربے سے نئے ٹیلنٹ کی تربیت میں بھرپور کردار ادا کریں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کھیلوں میں میرٹ پر ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے اور کرکٹ سمیت ہر میدان میں مرد و خواتین کو یکساں مواقع اور سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ثناء میر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ وہ ورلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن اور آئی سی سی میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کریں۔ انہوں نے پاکستان میں خصوصاً ویمن کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو مواقع فراہم کرنے کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔
ثناء میر نے امید ظاہر کی کہ حکومت کرکٹ انفراسٹرکچر کی بہتری، ویمن کرکٹ کے فروغ اور نئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مزید عملی اقدامات کرے گی۔






