عالمی خبریں

صدر ٹرمپ کا ‘بگ بیوٹی فل بل’ پر دستخط، غزہ جنگ بندی کی امید، ایران، روس اور چین سے متعلق اہم اعلانات

خلیج اردو
واشنگٹن، 5 جولائی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکس اور اخراجات سے متعلق اپنے متعارف کردہ "بگ بیوٹی فل بل” پر وائٹ ہاؤس میں یومِ آزادی کی تقریبات کے دوران دستخط کر دیے۔ فوجی خاندانوں کے ساتھ پکنک میں شرکت کے بعد صدر ٹرمپ نے بل کی منظوری کو ایک بڑی قومی کامیابی قرار دیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی اسٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، اور ان کی قیادت میں امریکی تاریخ میں سب سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے امریکا کی طاقت بحال کی ہے اور اب اسے مزید جدید بنا رہے ہیں۔‘‘

صدر ٹرمپ نے افغانستان جنگ کو "امریکا کا سیاہ ترین دن” قرار دیا اور کہا کہ ’’اربوں ڈالر ضائع ہوئے اور ہمیں سبق ملا۔‘‘

انہوں نے امریکی فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، ’’بری، بحری اور فضائی افواج میرے دل کے قریب ہیں۔ ان کے افسروں اور جوانوں کو میرا سلام۔‘‘

نیٹو کے اخراجات پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ پہلے امریکا نیٹو پر 2 فیصد بجٹ خرچ کرتا تھا جو اب بڑھ کر 5 فیصد ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی فضائیہ نے حال ہی میں ایک کامیاب آپریشن کے ذریعے ایرانی جوہری تنصیبات کو تباہ کر دیا، جس سے امریکا کی فوجی صلاحیت کا عملی مظاہرہ ہوا۔

صدر ٹرمپ نے سابق صدر جو بائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں 21 ملین افراد غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہوئے، لیکن اب امریکی بارڈرز "پہلے سے زیادہ محفوظ اور مضبوط” ہیں۔

انہوں نے عوام کو 4 جولائی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا، ’’آج کا امریکا پہلے سے زیادہ محفوظ اور مستحکم ہے۔‘‘

غزہ میں جنگ بندی کی امید
صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ آئندہ ہفتے غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا غزہ میں بڑے پیمانے پر امداد بھیج رہا ہے اور فریقین کے درمیان فوری مذاکرات کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔

انہوں نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے ثالثوں کو جنگ بندی تجاویز فراہم کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور اس پر خیر مقدم کیا۔

ایران، روس اور چین پر موقف
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کسی دوسرے مقام پر اس پروگرام کو دوبارہ شروع کر سکتا ہے۔ اس سلسلے میں وہ جلد اسرائیلی وزیراعظم سے بھی مشاورت کریں گے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے حالیہ بات چیت کے بارے میں انہوں نے انکشاف کیا کہ پیوٹن امریکی پابندیوں پر ’’پریشان‘‘ ہیں۔

چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ ممکنہ طور پر چین کا دورہ کر سکتے ہیں یا چینی صدر امریکا کا دورہ کریں گے۔

ٹک ٹاک معاہدہ قریب
ٹیکنالوجی کے شعبے میں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ امریکا اور ٹک ٹاک کے درمیان معاہدہ "بہت قریب” ہے، جو جلد مکمل ہو سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button