
خلیج اردو
کراچی: معروف اداکار احد رضا میر اور سوشل میڈیا سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ دنانیر مبین کی امریکہ میں ایک ساتھ موجودگی نے سوشل میڈیا پر ڈیٹنگ کی افواہوں کو ہوا دے دی ہے۔
ان دنوں احد رضا میر امریکہ میں اپنے خالہ زاد کزن کی شادی میں اپنی فیملی کے ساتھ شریک ہیں۔ اسی تقریب میں دنانیر مبین بھی بھرپور تیاری کے ساتھ شریک ہوئیں، جہاں ان کی والدہ اور بہن بھی ان کے ہمراہ نظر آئیں۔ شادی کی تقریبات میں دونوں خاندانوں کو ایک ساتھ تصاویر بنواتے ہوئے دیکھا گیا، جس نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔
تاہم بات یہیں ختم نہیں ہوئی۔ شادی کے علاوہ بھی احد اور دنانیر کو کیلیفورنیا میں ایک ساتھ سمندر کنارے ایک خوبصورت لنچ ٹیبل پر دیکھا گیا۔ اگرچہ یہ تصویر زیادہ واضح نہیں تھی، مگر فینز نے دونوں کو پہچان لیا اور سوشل میڈیا پر ان کی "قربتوں” پر قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔
دونوں فنکاروں کی طرف سے اب تک ان خبروں پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا، لیکن مداحوں اور صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر سوالات اور تبصرے جاری ہیں۔ بعض افراد نے اسے محض اتفاق قرار دیا جبکہ کچھ نے اسے "نئی جوڑی” کے اشارے کے طور پر دیکھا۔
احد رضا میر اس سے قبل اداکارہ سجل علی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک رہ چکے ہیں، تاہم یہ رشتہ طلاق پر ختم ہوا۔ دوسری جانب دنانیر مبین بھی حالیہ برسوں میں اداکاری کے میدان میں قدم رکھ چکی ہیں اور تیزی سے شہرت حاصل کر رہی ہیں۔






