
خلیج اردو
کراچی – معروف اداکار نوید رضا، جو ٹی وی ڈراموں میں بیشتر منفی کرداروں کے لیے جانے جاتے ہیں، نے مرحوم عامر لیاقت حسین کی زندگی پر فلم بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ اگر ایسی کوئی فلم بنتی ہے تو وہ اس میں کردار ضرور ادا کرنا چاہیں گے۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں نوید رضا نے انکشاف کیا کہ ان کے خاندان میں شوبز سے وابستہ کوئی نہیں، ان کے ننیال اور ددیال میں زیادہ تر لوگ سرکاری ملازمتوں سے منسلک ہیں۔ خود انہوں نے بھی اپنے کیریئر کا آغاز ایک سرکاری ملازم کے طور پر کیا، تاہم اداکاری کے شوق نے انہیں شوبز انڈسٹری کی طرف راغب کیا۔
ایک سوال کے جواب میں اداکار نے بتایا کہ ایک بار ایک مداح بچے نے ان کے ساتھ تصویر کھنچوانے کی خواہش ظاہر کی، مگر بعد ازاں اسی بچے نے ان کے اہل خانہ کے سامنے انہیں "ابے او میلے” کہہ کر پکارا، جس پر وہ حیران رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ ان کے لیے نہ صرف تعجب خیز تھا بلکہ افسوسناک بھی۔
نوید رضا نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ وہ مرحوم عامر لیاقت اور سابق کرکٹر شعیب ملک کی زندگیوں پر بننے والی ممکنہ فلموں میں کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت کی زندگی غیر معمولی تھی، انہوں نے کم عمری میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، اور ان کی زندگی میں اتنے اتار چڑھاؤ آئے کہ ان پر فلم بننا لازمی ہے۔
یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین، جو کہ معروف میزبان، اسکالر، اور سیاستدان تھے، جون 2022 میں کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر بے ہوش پائے گئے تھے، اور اسپتال منتقلی کے بعد ان کے انتقال کی تصدیق ہوئی تھی۔ انتقال سے قبل وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھے اور ان کی نجی زندگی سے جڑی ویڈیوز بھی منظرعام پر آئی تھیں۔
عامر لیاقت نے تین شادیاں کیں، جن میں پہلی بشریٰ اقبال سے، دوسری اداکارہ طوبیٰ انور سے، اور تیسری دانیہ ملک سے ہوئی، تاہم تمام شادیاں انجام کو نہ پہنچ سکیں۔ ان کے دو بچے پہلی اہلیہ سے ہیں۔






