متحدہ عرب امارات

نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی پر وزیر اعظم کا سخت نوٹس، ادارے کی ہنگامی بنیادوں پر تنظیم نو کی ہدایت

خلیج اردو
اسلام آباد – وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل ٹیرف کمیشن (این ٹی سی) کی قانونی، انتظامی اور ادارہ جاتی اختیارات و فرائض کی ہنگامی بنیادوں پر تنظیم نو کی ہدایت دے دی۔ یہ ہدایات انہوں نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی کے جائزے کے لیے طلب کردہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

وزیر اعظم نے اجلاس کے دوران نیشنل ٹیرف کمیشن کی موجودہ کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تھرڈ پارٹی نظر ثانی کرانے کی ہدایت کی، تاکہ ادارے کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ نئی ٹیرف رجیم کے تقاضوں کی بخوبی تکمیل کے لیے نیشنل ٹیرف کمیشن کی جدید خطوط پر تنظیم نو ناگزیر ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ این ٹی سی کے پاس ملکی کاروبار، درآمدات، برآمدات اور مارکیٹ کے متعلق زمینی حقائق اکٹھے کرنے کی مؤثر صلاحیت ہونی چاہیے۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ کمیشن کی خودکار اور مؤثر تحقیقی استعداد، ملکی کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے کمیشن کو درکار تربیت، وسائل اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مکمل عزم کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے نیشنل ٹیرف کمیشن کے اپیلیٹ ٹریبونل کو فوری طور پر فعال کرنے کی بھی ہدایت جاری کی اور کہا کہ جاری کردہ تمام نئی ہدایات پر پیش رفت کی جامع بریفنگ اگلے ماہ دی جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button