
خلیج اردو
راولپنڈی، 10 جولائی 2025: چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ اجلاس کا آغاز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد پراکسیز کے حالیہ حملوں میں شہید ہونے والے جوانوں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔
فورم نے دہشت گرد عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی حالیہ کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عزم دہرایا کہ "ہمارے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔” کور کمانڈرز نے اس بات پر زور دیا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف ہر سطح پر جامع اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہنی چاہییں۔
فورم نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ پہلگام واقعے میں شکست کے بعد بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے ایجنڈے کو مزید آگے بڑھا رہا ہے، جس میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے نیٹ ورکس شامل ہیں۔
آرمی چیف نے اجلاس کو وزیراعظم کے ہمراہ ایران، ترکیہ، آذربائیجان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے کامیاب دوروں پر پاکستان کے سفارتی کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس کے ساتھ ہی فورم کو آرمی چیف کے تاریخی دورہ امریکہ کی تفصیلات بھی فراہم کی گئیں، جس میں پاکستان کا دو طرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر بامقصد مؤقف براہِ راست امریکی قیادت کے سامنے رکھا گیا۔
اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ اور ایران کی حالیہ صورتِ حال کے تناظر میں اندرونی و بیرونی سکیورٹی چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فورم نے اس امر پر تشویش ظاہر کی کہ عالمی سطح پر "طاقت کے استعمال” کو ایک ترجیحی پالیسی ٹول کے طور پر اپنایا جا رہا ہے، جو پاکستان جیسے ملک کے لیے خود انحصاری اور قومی اتحاد کی اہمیت کو دوچند کر دیتا ہے۔
آرمی چیف نے بھارت کی طرف سے دوطرفہ فوجی کشیدگی میں تیسرے فریق کو شامل کرنے کی کوشش کو "بلاک پولیٹکس” کے فروغ کی بھونڈی کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا مقصد خود کو خطے کا نیٹ سکیورٹی پرووائڈر ثابت کرنا ہے، جو کہ عالمی برادری کے لیے قابلِ قبول نہیں رہا کیونکہ دنیا بھارتی توسیع پسندی اور ہندوتوا انتہا پسندی کے خطرناک رجحانات سے بدظن ہوتی جا رہی ہے۔
فورم کو پاک فوج کی بدلتی جنگی نوعیت کے مطابق حکمتِ عملی اور جدتوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے ٹرائی سروسز ہم آہنگی میں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی قیادت کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کو درپیش ہر قسم کے خطرات کے خلاف پاک فوج کی آپریشنل تیاری مکمل ہے۔






