
خلیج اردو
لاہور: امید کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے قوم کے نام اپنے پیغامات جاری کیے ہیں، جن میں انہوں نے امید کے فلسفے کو روشنی کی کرن قرار دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ ن لیگ آج پاکستانی عوام کی امید بن چکی ہے اور ہم قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو اب تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا:
"امید ہمیں مایوسی کے اندھیرے میں بھی روشنی کی کرن تلاش کرنے کی آس دلاتی ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مشکلات اور چیلنجز کے باوجود امید کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب فلسطین اور کشمیر کے عوام بھی آزادی کا سورج طلوع ہوتا دیکھیں گے۔”
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ امید ہی وہ چراغ ہے جو تاریکی میں روشنی لاتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان پاکستان کے شاندار کل کی امید کی کرن ہیں، اور ہمیں ان کی توانائیوں پر اعتماد ہے۔







