
خلیج اردو
ٹوکیو:جاپان میں جاری ایکسپو 2025 کے دوران فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ کی مارشل ڈانس پارٹی نے خٹک ڈانس کا شاندار مظاہرہ کر کے بین الاقوامی شائقین کے دل جیت لیے۔ ڈھول کی تھاپ پر پیش کیے گئے اس ثقافتی رقص نے پاکستانی ثقافت کے رنگ جاپانی سرزمین پر بکھیر دیے۔
خٹک قبیلے سے منسوب یہ روایتی جنگی رقص، جس میں فنکار تلواروں اور مخصوص حرکات کے ذریعے اپنی مہارت دکھاتے ہیں، فرنٹیئر کور کے جوانوں نے بھرپور جذبے اور ہم آہنگی کے ساتھ پیش کیا۔
رقص کے دوران نہ صرف پاکستانی بلکہ بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاح اور شائقین بھی جھومتے اور داد دیتے نظر آئے۔ شائقین نے نہ صرف خٹک ڈانس کو سراہا بلکہ پاکستانی ثقافت، فن، اور جذبے کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
مارشل ڈانس پارٹی کے اس شاندار مظاہرے نے پاکستان کے مثبت تشخص اور ثقافتی تنوع کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ایف سی کی نمائندگی میں پیش کیا گیا یہ ڈانس پاکستان کے ثقافتی سفیر کے طور پر ایک متاثرکن پیغام لے کر آیا۔







