
خلیج اردو
لاہور:پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو جیل میں ہر قسم کی سہولیات میسر ہیں، اس کے باوجود وہ جیل میں سہولیات نہ ہونے کا شکوہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ایک طرف ڈٹ کر کھڑے ہونے کی بات کرتے ہیں اور دوسری جانب سہولتوں کا رونا روتے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے طنزیہ انداز میں کہا:
"اب تو صرف یہ باقی رہ گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں جلسے کی اجازت بھی دے دی جائے۔”
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبے میں پیرافورس قائم کر دی گئی ہے، جو صرف ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے نہیں بلکہ فتنہ و فساد کا مؤثر جواب دینے کے لیے بھی مکمل تربیت یافتہ ہے۔
عظمیٰ بخاری نے علیمہ خان پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہتی تھیں بانی پی ٹی آئی کے ٹویٹس کو ری ٹویٹ کیا کریں، اور اب صورتحال یہ ہے کہ خود بانی کو اپنے ٹویٹس کی اپیلیں کرنا پڑ رہی ہیں۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ لاہور کی تمام سڑکیں بارش کے بعد کلیئر کر دی گئی ہیں اور چند گھنٹوں میں نکاسی آب کا کام مکمل کیا گیا۔ انہوں نے نام لیے بغیر کہا کہ "کرائے کے انقلابی روز نیا منجن بیچتے ہیں”، اور عوام ان باتوں کو سنجیدگی سے نہیں لیتے۔






