پاکستانی خبریں

ٹرانسجینڈر نہیں ہوں، مومنہ اقبال کا سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی من گھڑت ویڈیو پر ردعمل

خلیج اردو
کراچی:معروف پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنی صنفی شناخت سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی اور ایڈٹ شدہ ویڈیو پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تمام قیاس آرائیوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

حال ہی میں ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے مومنہ نے انکشاف کیا کہ ان کے اگست 2022 کے ایک پرانے انٹرویو کے کلپ کو ایڈٹ کر کے سوشل میڈیا پر اس انداز سے پھیلایا گیا جیسے وہ اپنی صنفی تبدیلی کا اعتراف کر رہی ہوں۔ اس ویڈیو کو 45 ملین سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

اداکارہ نے کہا:

"اس جعلی ویڈیو کے بعد رپورٹرز کی کالز آنے لگیں۔ مجھے سمجھ ہی نہیں آ رہی تھی کہ کیا جواب دوں؟ کسی لڑکی سے اس کی صنفی شناخت کے بارے میں سوال کرنا بہت تکلیف دہ ہوتا ہے۔”

انہوں نے بتایا کہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد متعدد افراد نے انہیں اس پر وضاحت دینے کا مشورہ دیا، تاہم وہ سوچتی رہیں کہ جھوٹ پر کیا ردعمل دیا جائے۔

"اگر میرے بارے میں کہی جانے والی باتیں سچ ہوتیں تو میں تسلیم کر لیتی، لیکن جب ایسا کچھ ہے ہی نہیں تو میں کیوں وضاحت دوں؟”

مومنہ نے ان الزامات کو سختی سے جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محض سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش ہے جس کا مقصد کسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔

واضح رہے کہ مومنہ اقبال پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی کامیاب اداکارہ ہیں جو ‘ایھدِ وفا’، ‘خوابوں کے سفر’ اور دیگر کئی مشہور ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کر چکی ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ اس قسم کی غیرذمہ دارانہ مہمات کو فروغ نہ دیا جائے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button