
خلیج اردو
اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان سرحدوں سے بالاتر سیکیورٹی چیلنجز کے دور میں عسکری اتحاد اور اسٹریٹجک مکالمے کو ناگزیر سمجھتا ہے، جبکہ بین الاقوامی ہم آہنگی اور عسکری سفارتکاری وقت کا تقاضا بن چکی ہے۔ وہ اسلام آباد میں ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس میں امریکہ، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کیلئے پرعزم ہے اور شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پیچیدہ ہائبرڈ چیلنجز کے اس دور میں مشترکہ فوجی تعاون، اسٹریٹجک مکالمہ اور انسداد دہشتگردی کی حکمت عملی ناگزیر ہو چکی ہے۔
کانفرنس کے دوران علاقائی سلامتی، عسکری سفارتکاری، انسداد دہشتگردی اور وسطی و جنوبی ایشیا میں بدلتے ہوئے سٹریٹجک ماحول پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شریک ممالک کے وفود نے امن، باہمی احترام اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے اجتماعی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کی قیادت اور میزبانی کو سراہا۔






