
خلیج اردو
العین: متحدہ عرب امارات کے شہر العین اور اس کے گرد و نواح میں ہفتہ کے روز شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا جس نے شدید گرمی میں مبتلا شہریوں کو خوشگوار موسم کا تحفہ دے دیا۔
موسمیاتی ماہرین اور "سٹورم سینٹر” نے سوشل میڈیا پر العین اور خطم الشکلہ بارڈر کے مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی ویڈیوز شیئر کیں، جہاں تیز ہوا کے جھکڑ اور مٹی کے طوفان کے مناظر بھی دیکھے گئے۔
ابو ظہبی کی مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو وادیوں کے قریب جانے سے گریز کرنے اور ڈرائیونگ کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ تیز بارش اور پھسلن کے باعث گاڑیوں کی رفتار محدود کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (NCM) نے العین اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے ساتھ بننے والے کنوکٹیو بادلوں کے پیش نظر اورنج اور یلو الرٹ جاری کر دیے ہیں۔
اورنج الرٹ 2:35 بجے سے 6:35 بجے تک ریت کے طوفان، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے لیے جاری کیا گیا ہے۔
یلو الرٹ 1 بجے سے 9 بجے تک بارش اور تیز ہواؤں کے باعث اڑنے والی دھول و مٹی کے لیے نافذ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کی دوپہر 2:45 بجے العین کے سویحان علاقے میں ملک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 49.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔






