پاکستانی خبریں

ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کیلئے قومی اتحاد ناگزیر ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ملتان گیریژن کا دورہ

خلیج اردو
ملتان: فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فوج کے جدید زیڈ-ٹین ایم ای اٹیک ہیلی کاپٹر کی شمولیت کی تقریب کی صدارت کی۔ افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے موجودہ دور کے ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کیلئے قومی اتحاد اور سول ملٹری ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے اور بدلتے جنگی ماحول میں فیصلہ کن برتری برقرار رکھنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے جوانوں کے غیر معمولی حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی جاری تربیتی سرگرمیاں قابلِ فخر ہیں جو دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مظفرگڑھ فیلڈ فائرنگ رینج میں زیڈ-ٹین ایم ای اٹیک ہیلی کاپٹرز کے فائر پاور مظاہرے کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر پاک فوج کی جدید جنگی صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ملتان چھاؤنی میں ممتاز ماہرین تعلیم اور سول سوسائٹی کے اراکین سے بھی ملاقات کی اور قومی سلامتی، تعلیمی ترقی اور قومی یکجہتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button