
خلیج اردو
دبئی: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ 2025 کے وینیوز اور شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق ٹورنامنٹ کے تمام میچز دبئی اور ابو ظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلہ 14 ستمبر کو دبئی میں ہوگا، جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 9 ستمبر کو افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ابو ظہبی میں ہوگا۔ پاکستان اپنی گروپ مرحلے کے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا، جو انہیں ہوم گراؤنڈ جیسا ماحول فراہم کرے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایشیا کپ صرف ایک کرکٹ ٹورنامنٹ نہیں بلکہ ایشیائی کرکٹ کے اتحاد اور جوش کا مظہر ہے۔ دبئی اور ابو ظہبی جیسے عالمی معیار کے وینیوز پر میچز کا انعقاد شائقین کو بہترین تجربہ فراہم کرے گا۔
ٹورنامنٹ کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا، جہاں ٹرافی کے لیے ایشیا کی بہترین ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔





