
خلیج اردو
غزہ: حماس نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کی آئندہ تشکیل دی جانے والی حکومتی انتظامیہ میں حصہ نہیں لے گی اور غزہ پٹی کی گزرگاہوں اور امدادی کارروائیوں کا کنٹرول سنبھالنے میں بھی کوئی دلچسپی نہیں رکھتی۔ حماس نے کہا کہ اس وقت فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بے دخلی سے بچانے کے لیے بین الاقوامی برادری کی کاوشیں انتہائی اہم ہیں اور تنظیم ان کا خیرمقدم کرتی ہے۔
حماس کے ترجمان نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کی جانب سے غزہ پٹی پر دوبارہ قبضے کی دھمکی کو اسرائیل کی بدنیتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کے عوام پر مسلط کیا گیا ظلم اور جارحیت دنیا کے سامنے عیاں ہو چکی ہے۔
حماس نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے تاکہ اسرائیلی قبضے اور جارحیت کا راستہ روکا جا سکے۔







