
خلیج اردو
شارجہ میں ایک ایشیائی شخص کے خلاف ایک عرب خاتون پر مبینہ تشدد کے مقدمے کی سماعت جاری ہے۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ازدواجی تنازعات کے دوران ایک اجنبی خاتون کو اپنی بیوی سمجھ کر اس پر حملہ کیا۔
شارجہ کی فوجداری عدالت میں بتایا گیا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون اپنے بچوں کے ساتھ سڑک پر جا رہی تھیں۔
شکایت کنندہ کے مطابق ملزم ان کے قریب آیا اور ایسی زبان میں بات کرنا شروع کر دی جسے وہ سمجھ نہیں سکیں۔
خاتون نے عدالت کو بتایا کہ صورت حال خراب ہونے پر وہ جان بچانے کے لیے ایک قریبی دکان میں داخل ہو گئیں، تاہم ملزم ان کے پیچھے دکان میں بھی پہنچ گیا۔
خاتون کے مطابق ملزم نے دکان کے اندر بھی انہیں برا بھلا کہا اور پھر بچوں کے سامنے ان کی گردن پکڑ لی۔
شکایت کنندہ نے بتایا کہ اس واقعے سے ان کے بچے خوفزدہ اور شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے۔
عدالت میں خاتون نے کہا کہ وہ اس شخص کو پہلے سے نہیں جانتی تھیں اور ان کے درمیان کبھی کوئی تعلق یا رابطہ نہیں رہا۔
ملزم نے عدالت میں واقعے کی تردید نہیں کی بلکہ مؤقف اختیار کیا کہ اس نے خاتون کو غلطی سے اپنی بیوی سمجھ لیا تھا کیونکہ دونوں کی شکل ایک دوسرے سے ملتی جلتی تھی۔
ملزم کے مطابق اس دوران اس کے اپنی بیوی کے ساتھ ازدواجی اختلافات چل رہے تھے، جس کی وجہ سے اس سے یہ غلطی ہوئی۔
عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے شکایت کنندہ اور گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے، جبکہ مزید شواہد کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ سنایا جائے گا۔







