
خلیج اردو
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے خیبرپختونخوا میں سیلاب سے جانی نقصان کو دلخراش اور افسوسناک سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کی ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی صحت یابی اور شہدا کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو نے کہا کہ آفت زدہ علاقوں میں جان ہتھیلی پر رکھ کر امدادی کارروائیاں کرنے والے کارکنان ہمارے ہیرو ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں کو ترجیح دی جائے جن کا زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔
وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور شاہراہوں و پلوں کو ہونے والے نقصان کی جلد بحالی کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ شاہراہوں کی مکمل بحالی تک افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گورنر گلگت بلتستان کو ٹیلی فون کرکے سیلابی صورتحال کے باعث جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت گلگت بلتستان کے بھائیوں کے ساتھ ہے اور جو بھی مدد درکار ہوگی پیپلز پارٹی کی حکومت فراہم کرے گی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کو فون کیا اور مشکل گھڑی میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔






