
خلیج اردو
پشاور: خیبرپختونخوا میں تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد کے حوالے سے صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کے بیانات میں تضاد پیدا ہوگیا ہے۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کے علاوہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 212 ہے، جبکہ 32 افراد تاحال لاپتہ اور 10 زخمی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ساڑھے تین ہزار سے زائد متاثرہ افراد کو زندہ بچایا جا چکا ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 307 تک پہنچ گئی ہے، جن میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں۔
صوبے میں اموات اور نقصانات کی اصل صورتحال جانچنے کیلئے مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔







