
خلیج اردو
بونیر، 16 اگست: بونیر کی تحصیل پیر بابا کے گاؤں بیشونٹری میں تباہ کن سیلابی ریلے نے درجنوں گھر تباہ کر دیے اور متعدد خاندان اجڑ گئے۔ مقامی مسجد کے امام مولانا عبدالصمد نے اہل خانہ کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت دی لیکن نوافل ادا کرنے کے بعد جب واپس پہنچے تو ان کا گھر اور پانچ افراد پر مشتمل خاندان پانی کی نذر ہوچکا تھا جن کا تاحال کوئی سراغ نہیں ملا۔
اسی گاؤں کے سابق تحصیل ناظم پیر بابا اشفاق احمد اسلام آباد میں موجود تھے، اطلاع ملنے پر گھر والوں کو محفوظ مقام پر جانے کا کہا لیکن کچھ ہی دیر بعد ان سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ واپسی پر گاؤں پہنچے تو قیامت خیز منظر سامنے آیا، ان کے 14 میں سے 4 اہل خانہ کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ 10 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
مقامی افراد نور الاسلام اور محمد اسلام نے متعدد جنازوں اور قبروں کے انتظامات میں حصہ لیا۔ ان کے مطابق گاؤں کا کوئی گھر محفوظ نہیں بچا اور زیادہ تر لاپتا افراد میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔






