خلیج اردو
دبئی: سعودی عرب کے نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی (NCM) نے غیر مجاز موسمی معلومات پھیلانے والے کئی افراد پر مجموعی طور پر ایک لاکھ پچاس ہزار ریال سے زائد کے جرمانے عائد کر دیے ہیں۔ عربی اخبار "عکاظ” کے مطابق یہ کارروائی سینٹر کے قوانین کی خلاف ورزی پر کی گئی۔
این سی ایم کے ترجمان حسین القحطانی نے بتایا کہ یہ اقدامات ایگزیکٹو ریگولیشن کے آرٹیکل 9 کے تحت کیے گئے ہیں، جس کے مطابق کوئی بھی شخص باضابطہ اجازت نامہ یا لائسنس کے بغیر موسمی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہر خلاف ورزی پر مالی جرمانہ عائد نہیں کیا گیا بلکہ بعض صورتوں میں متعلقہ افراد سے تحریری یقین دہانی لی گئی کہ وہ آئندہ ایسی خلاف ورزی نہیں کریں گے۔
حسین القحطانی نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد صرف جرمانے عائد کرنا نہیں بلکہ موسمی معلومات کی درستگی کو یقینی بنانا، عوامی سلامتی کا تحفظ کرنا اور قوانین کی پاسداری سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔





