سونے کے نرخ

دبئی میں سونے کی قیمتیں نئی بلند ترین سطح پر، خریداروں کے لیے ریلیف کے امکانات کم

خلیج اردو
دبئی میں سونے کی قیمتیں جمعے کی صبح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، عالمی منڈیوں میں قیمتی دھاتوں کی مسلسل تیزی کے باعث مقامی نرخوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 24 قیراط سونا 543.25 درہم فی گرام تک پہنچ گیا جو ایک روز قبل 539.75 درہم تھا، جبکہ 22 قیراط سونے کی قیمت 503 درہم فی گرام ہو گئی جو گزشتہ روز 499.75 درہم تھی۔
عالمی سطح پر اس اضافے کی بڑی وجہ بین الاقوامی بلین مارکیٹس میں زبردست تیزی ہے، جہاں اسپاٹ گولڈ 1.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4530 ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گیا۔ چاندی نے بھی نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے 75 ڈالر فی اونس کی سطح عبور کر لی، جبکہ پلاٹینم 2400 ڈالر فی اونس سے اوپر چلا گیا۔
ماہرین کے مطابق وینزویلا میں امریکا کی جانب سے تیل کی ناکہ بندی میں اضافے، افریقہ میں جغرافیائی کشیدگی اور نائجیریا میں امریکی فوجی کارروائی کے بیانات نے عالمی سرمایہ کاروں کو محفوظ اثاثوں کی طرف راغب کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکی ڈالر کی کمزوری اور آئندہ برس مزید شرح سود میں کمی کی توقعات نے بھی سونے کی طلب کو مضبوط بنایا ہے۔
رواں برس 2025 میں سونے کی قیمتوں میں تقریباً 70 فیصد جبکہ چاندی میں 150 فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا ہے، جو 1979 کے بعد سب سے مضبوط سالانہ کارکردگی سمجھی جا رہی ہے۔ مرکزی بینکوں کی بڑی خریداری اور ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز میں تیزی سے آنے والی سرمایہ کاری نے اس رجحان کو مزید تقویت دی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ تکنیکی اشاریے قیمتوں کے حد سے زیادہ بڑھنے کی نشاندہی کر رہے ہیں، تاہم عالمی سیاسی غیر یقینی صورتحال، بڑھتا ہوا قرض اور نرم مانیٹری پالیسی سونے سمیت دیگر قیمتی دھاتوں کو سہارا دے رہی ہے، جس کے باعث خریداروں کے لیے فوری ریلیف کے امکانات محدود نظر آتے ہیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button