خلیجی خبریں

بحرین میں آن لائن تعلیم کا اعلان، عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

خلیج اردو
منامہ، 23 جون 2025ء
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امریکہ کی جانب سے ایران کی تین جوہری تنصیبات پر فضائی حملوں کے بعد بحرین نے احتیاطی اقدامات کے تحت ملک بھر میں تمام تعلیمی اداروں کے لیے آن لائن نظام تعلیم نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بحرین نیوز ایجنسی کے مطابق، وزارت تعلیم نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے، بشمول کنڈرگارٹن، اسکولز اور جامعات، فوری طور پر اپنی ڈیجیٹل اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے تدریس کا عمل جاری رکھیں۔

ساتھ ہی، وزارت داخلہ نے عوام اور رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف ضرورت پڑنے پر ہی مرکزی شاہراہوں کا استعمال کریں تاکہ ہنگامی اور متعلقہ اداروں کو مؤثر انداز میں کام کرنے کی سہولت حاصل ہو اور عوامی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

خطے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری فضائی حملوں کے تناظر میں بحرین سول سروس بیورو (CSB) نے بھی اعلان کیا ہے کہ سرکاری دفاتر میں 70 فیصد عملہ گھروں سے کام کرے گا، جب کہ وہ شعبے جن میں جسمانی موجودگی ضروری ہے، ان کے لیے الگ ہدایات دی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ آج سے نافذ العمل ہوگا اور آئندہ اطلاع تک جاری رہے گا۔

بحرین، جو ایران سے تقریباً 200 کلومیٹر کے سمندری فاصلے پر واقع ہے، کشیدگی کے ممکنہ اثرات سے بچاؤ کے لیے یہ احتیاطی اقدامات کر رہا ہے۔

ادھر سعودی عرب کی جوہری و شعاعی ضابطہ اتھارٹی اور کویت کی نیشنل گارڈ نے تصدیق کی ہے کہ ایران پر امریکی حملوں کے بعد خلیجی خطے میں کسی بھی قسم کی تابکار شعاعیں ریکارڈ نہیں ہوئیں۔ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) نے بھی تصدیق کی ہے کہ متاثرہ تنصیبات کے باہر تابکاری کی سطح میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button