خلیج اردو: وزیراعظم شہباز شریف نے جنیوا کانفرنس میں پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر امداد کے اعلان پر سعودی ولی عہد کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔
دو روز قبل جنیوا میں پاکستان کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے امداد کے حوالے سے منعقد ہونے والی کانفرنس کے دوران عالمی ممالک اور تنظیموں کی جانب سے 10 ارب ڈالر سے زائد امداد کا اعلان کیا گیا۔
جن ممالک کی جانب سے پاکستان کے لیے امداد کا اعلان کیا گیا ان میں امریکا، فرانس، چین اور اسلامی ترقیاتی بینک، عالمی بینک اور یورپی یونین سمیت دیگر ممالک اور بین الاقوامی ادارے شامل ہیں۔
حکومت پاکستان کی جانب سے جنیوا کانفرنس کو کامیاب قرار دیتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے والے شراکت داروں کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔
اب وزیراعظم شہباز شریف نے جنیوا کانفرنس کے دوران پاکستان کے لیے امداد کا اعلان کرنے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔
شہبا زشریف نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ 1 ارب ڈالر کے فراخدلانہ اعلان پر پاکستان سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر غور کرنے پر بھی اپنے برادر اسلامی ملک کے مشکور ہیں، اسٹیٹ بینک کے پاس ڈپازٹ 5 ارب ڈالر تک بڑھانے پر غور کے فیصلے پر بھی سعودی عرب کے مشکور ہیں۔
اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے لیے دو ارب ڈالر کے اعلان پر ورلڈ بینک کے سربراہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔