پاکستانی خبریں

نئے صوبوں پر ریفرنڈم کی بحث شدت اختیار کرگئی، سیاسی جماعتوں کے مختلف مؤقف سامنے آگئے

خلیج اردو
پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث شدت اختیار کرگئی، مختلف سیاسی رہنماؤں نے عوامی رائے لینے، ریفرنڈم کرانے اور پارلیمنٹ میں معاملہ زیر بحث لانے کے حوالے سے اپنے مؤقف سامنے رکھ دیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ قومی معاملات پر ریفرنڈم کرانے میں کوئی حرج نہیں، نئے صوبوں کے قیام پر عوامی رائے لی جائے اور اس کے لیے راستہ ہموار کیا جائے۔ ان کے مطابق عوامی رائے کے مطابق ہی فیصلے ہونے چاہئیں۔

مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ کے مطابق صوبوں کے معاملے پر سیاسی اتفاق رائے ضروری ہے اور گورننس نظام کو نئے سرے سے ڈیزائن کرنا اتفاق رائے کے بغیر ممکن نہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال نے بھی نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس سے حکومتی نظام بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ فاروق ستار کے مطابق موجودہ صوبے چند خاندانوں کی سیاسی میراث بن چکے ہیں، جبکہ مصطفیٰ کمال نے بلدیاتی حکومتوں کو آئینی اختیارات دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے نئے صوبوں کے قیام پر بات کو قبل از وقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں کے ڈرافٹ پر بانی پی ٹی آئی اور اتحادیوں سے مشاورت کی جائے گی۔ ان کے مطابق اس معاملے پر پارٹی کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی وسیع مشاورت کرے گی۔

بیرسٹر گوہر نے سیاسی اتحاد بنانے اور تناؤ کم کرنے پر بھی زور دیا۔ چیف وہپ عامر ڈوگر کے مطابق صوبوں کے قیام کے حوالے سے عوامی رائے بہترین حل ہے۔

نئے صوبوں کے قیام، ریفرنڈم، پارلیمانی مشاورت اور بلدیاتی اختیارات سے متعلق مختلف سیاسی جماعتوں کے مؤقف سامنے آنے کے بعد معاملہ سیاسی بحث کا اہم موضوع بن گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button