
خلیج اردو: دنیا بھر میں پھیلی عالمی وباء کرونا سے پیداشدہ صورتحال کے تناظر میں انٹرنیشنل ائیر لائنزکی جانب سے مقررہ ایس او پیز کے تحت مسافروں کے لئے سفر سے قبل کورونا ٹسٹ لازمی قراردئیے جانے کے بعد الامارات ائیرلائن نے اپنے مسافروں کے کورونا ٹسٹ کے لئے الخدمت ہسپتال نشترآباد پشاورکو شامل کرلیاہے۔جو کہ حالیہ عالمی وباء کرونا میں پہلے روز سے بر سرپیکار الخدمت فاؤنڈیشن کے ہزاروں رضاکار وں کی بے لوث خدمات کا اعتراف ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالد وقاص نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کو کم خرچ میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مارکیٹ میں کرونا کے مقررہ ریٹ سے 40%کم ریٹ پر عوام کو تشخیصی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جس کے تحت الخدمت ہسپتال نشترآباد میں صرف 4000روپے کے عوض کرونا ٹسٹ کی سہولت میسر کردی گئی ہے واضح رہے کہ مذکورہ ٹسٹ کے چارجز دیگر ہسپتالوں میں ساڑھے 6ہزار سے 8ہزار روپے وصول کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ الامارات ائیرلائن کا کورونا ٹسٹ کے لئے الخدمت ہسپتال نشترآباد کو اپنی ٹسٹ میں شامل کرنا ہمارے خدمات کاعالمی سطح پر اعتراف ہے۔ اور ہماری پی آئی اے،سعودی ائیر لائن،قطر ائیرویز سمیت دیگر ائیر لائنز کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت جاری ہے الخدمت فاؤنڈیشن عوام کو بھر پور ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔





