
خلیج اردو
اسلام آباد: دفترِ خارجہ نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر غیر قانونی ایٹمی سرگرمیوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ایٹمی پالیسی واضح، مستقل اور مکمل طور پر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق بھارت کا ایٹمی سلامتی اور سکیورٹی کا ریکارڈ انتہائی تشویشناک ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت نے ایٹمی تجربات پر پابندی سے متعلق قراردادوں پر ہمیشہ غیر واضح اور دوغلا مؤقف اختیار کیا، جب کہ وہاں ایٹمی مواد کی چوری اور غیر قانونی خرید و فروخت کے متعدد واقعات پہلے ہی دنیا کے سامنے آ چکے ہیں۔
دفترِ خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت میں ایٹمی مواد کی غیر قانونی تجارت کے بڑھتے ہوئے اور خطرناک رجحان کا فوری نوٹس لے تاکہ عالمی امن و سلامتی کو لاحق خطرات کا تدارک کیا جا سکے۔






