پاکستانی خبریں

27ویں آئینی ترمیم کا مسودہ سینیٹ میں پیش

خلیج اردو
اسلام آباد: پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا میں 27ویں آئینی ترمیم کا مسودہ پیش کر دیا گیا جسے تفصیلی غور کے لیے قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔

مجوزہ آئینی ترمیم کے تحت آرٹیکل 243 میں تبدیلی کی گئی ہے، جس کے مطابق آرمی چیف کو تمام مسلح افواج کا سربراہ یعنی چیف آف ڈیفنس فورسز قرار دیا جائے گا۔ ترمیم کے بعد صدرِ مملکت آرمی چیف کا تقرر کریں گے جو بیک وقت چیف آف ڈیفنس فورسز کے طور پر بھی خدمات انجام دے گا۔

مجوزہ بل کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ اس سال 27 نومبر سے ختم تصور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مسلح افواج میں ایک نیا عہدہ "کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ” بھی قائم کیا جائے گا جس کا تقرر وزیر اعظم، آرمی چیف کی سفارش پر کریں گے۔

ترمیم میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ اگر وفاقی حکومت کسی افسر کو فیلڈ مارشل، مارشل آف ائیر فورس یا ایڈمرل آف فلیٹ مقرر کرے تو اس عہدے کی مراعات اور رتبہ تاحیات ہوں گے اور وہ افسر زندگی بھر وردی پہننے کا حق رکھے گا۔

مزید برآں، ایسے عہدے کو ختم کرنے کے لیے آئین کے آرٹیکل 47 کے تحت پارلیمانی مواخذے کی کارروائی کرنا لازم ہو گی۔ ترمیم میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ صدرِ مملکت کو آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت حاصل استثنیٰ فیلڈ مارشل، مارشل آف ائیر فورس یا ایڈمرل آف فلیٹ کو بھی حاصل ہوگا۔

ترمیمی مسودے کے مطابق، کمانڈ کی مدت مکمل ہونے پر وفاقی حکومت فیلڈ مارشل، مارشل آف ائیر فورس یا ایڈمرل آف فلیٹ کی ذمہ داریوں اور فرائض کا تعین کرے گی۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button