خلیج اردو
اسلام آباد: سپریم کورٹ میں 9 اور 10 مئی کے مقدمات کی سماعت کے دوران پنجاب حکومت کے وکیل نے تیاری کے لیے مہلت طلب کر لی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ مقدمات تو کل اور پرسوں بھی مقرر ہیں، گزشتہ سماعتوں پر ایڈیشنل پراسیکیوٹر وقت مانگتے رہے، اور آج آپ بھی مہلت مانگ رہے ہیں، ایسے نہیں چلے گا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ یہ کوئی ایک کیس نہیں بلکہ 50 کے قریب اپیلیں ہیں۔ وکیل ذوالفقار نقوی نے استدعا کی کہ رواں ہفتے کے مقدمات ملتوی کر دیے جائیں تاکہ آئندہ ہفتے کی سماعت کے لیے تیاری کی جا سکے۔ چیف جسٹس نے نشاندہی کی کہ کچھ اپیلیں کیس منتقلی سے متعلق بھی ہیں، جو اب غیر متعلق ہو چکی ہیں، اس پر حکومت سے ہدایات لے لی جائیں۔
وکیل نے جواب دیا کہ جج کا تبادلہ ہو چکا ہے اور وہ صرف جرمانے اور چند آبزرویشنز کی حد تک اپیل کی پیروی کریں گے۔ سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کی درخواست قبول کرتے ہوئے 9 اور 10 مئی کے رواں اور آئندہ ہفتے کے تمام مقدمات ڈی لسٹ کر دیے اور سماعت عید کے بعد مقرر کرنے کا حکم دیا۔







