
خلیج اردو
پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے پنجاب حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کی آڑ میں اڈیالہ جیل کے سامنے عدلیہ کی آزادی کا جنازہ نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مریم نواز کی ہدایات پر پنجاب پولیس عدالتی احکامات کا مذاق اُڑا رہی ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ عدلیہ کو 26ویں ترمیم کی زنجیروں کو توڑ کر آئین و قانون کی پامالی کا نوٹس لینا چاہیے۔
بیرسٹر سیف نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے ساتھ کیے گئے سلوک کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے ملاقات ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ ملاقات کے بجائے انہیں گرفتار کر کے ویرانے میں چھوڑ دینا عدالتی احکامات کا مذاق اُڑانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز اتنا ظلم کریں کہ کل اسے خود برداشت بھی کر سکیں، اور حواس باختہ حکومت بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے بھی خوفزدہ ہے۔





