
خلیج اردو
لاہور: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے مسلم لیگ ن اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ایک بار پھر پانی میں ڈوبا ہوا ہے، جبکہ ٹک ٹاکر وزیراعلیٰ شہریوں سے زبردستی زندہ باد کے نعرے لگوانے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں سے زبردستی نعرے لگوانے کے بجائے زمین میں گڑ کر شرم سے ڈوب جانا بہتر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی راج کماری مریم نواز پولیس کے زور پر عوام سے نعرے لگوا رہی ہیں اور جب ایک عام شہری نے آئینہ دکھایا تو برا مان گئیں۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ جعلی فارم 47 کے ذریعے بننے والی وزیراعلیٰ پر تنقید کرنا اب جرم بن چکا ہے، اور تنقید کرنے والے شہری کو گرفتار کر کے زبردستی بیان ریکارڈ کروانا جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ان کے بقول، بدترین مارشل لا میں بھی ایسے ہتھکنڈے استعمال نہیں کیے گئے، جو اب مریم نواز کی حکومت میں دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور کے پی کابینہ نے اپنے دورہ لاہور میں سڑکوں کی خستہ حالت اور شہر میں پھیلے تعفن کا مشاہدہ کیا، جہاں چند گھنٹوں کی بارش نے مریم نواز کے دعوؤں کی قلعی کھول دی۔ بیرسٹر سیف نے تجویز دی کہ مریم نواز ترقیاتی کاموں کے لیے علی امین گنڈاپور سے ٹیوشن لیں، کیونکہ اقتدار میں کئی بار آنے کے باوجود لاہور کی حالت ابتر ہے۔






