پاکستانی خبریں

بھارت نے سندھو پر وار کیا ہے،بھارت نے یکطرفہ فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کا پانی بند کرنے کا اعلان کیا، جو کہ ایک کھلی جارحیت ہے

خلیج اردو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کا مطالبہ تھا کہ سندھو دریا پر کوئی نہر نہ بنے اور آج اس مطالبے کو یقینی بنا دیا گیا ہے۔ پارٹی کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کے جیالے نہ ہوتے تو یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تمام صوبوں کے اتفاق رائے کے بغیر آگے نہیں بڑھے گی اور سی سی آئی میں بھی بغیر اتفاق کے کوئی کینال نہیں بنائی جائے گی۔ بلاول نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں اس حوالے سے معاہدہ ہو چکا ہے جس پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے دستخط موجود ہیں۔ 2 مئی کو مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا گیا ہے۔

بھارت کے حالیہ اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت نے یکطرفہ فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کا پانی بند کرنے کا اعلان کیا، جو کہ ایک کھلی جارحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے بھی تسلیم کر لیا ہے کہ سندھو پاکستان کا ہے۔ ہم سندھو کے وارث اور محافظ ہیں، اس کا تحفظ کریں گے۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے عوام، مسلح افواج اور چاروں صوبے متحد ہو کر بھارت کے خلاف کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر افواج بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گی اور سندھ کے عوام پانی پر ڈاکہ نامنظور کا نعرہ بلند کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی کے واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر الزام لگاتا ہے، حالانکہ بھارت دہشتگردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فیصلوں کو نہ پاکستان، نہ بھارتی عوام اور نہ ہی عالمی برادری تسلیم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر پانی پر جنگیں لڑی گئیں تو ہماری آئندہ نسلیں بھی ان مسائل میں الجھی رہیں گی۔ یہ خطرناک صورتحال ہے اور ہم پاکستان کی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر بریفنگ دی، جس میں واضح کیا گیا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مودی نے سمجھا تھا کہ دوسری بار اقتدار میں آ کر مسائل حل کرے گا، تو یہ اس کی خام خیالی تھی۔

آخر میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کو کوئی اختیار حاصل نہیں کہ وہ سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر ختم کرے، اور پاکستان یہ بات ہر فورم پر بھرپور طریقے سے اجاگر کرے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button