پاکستانی خبریں

سندھ کے پانی پر عمران خان نے قبضے کی کوشش کی تو تاریخ میں پہلی بار عدم اعتماد لاکر دو کینالز کا منصوبہ بنانے والوں کو گھر بھیجا، بلاول بھٹو

خلیج اردو
عمرکوٹ:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عمرکوٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار عدم اعتماد لا کر دو کینالز کا منصوبہ بنانے والوں کو گھر بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی عمران خان نے دو کینالز کی اجازت دی تھی، تو پیپلز پارٹی نے ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے پانی کی منصفانہ تقسیم کی جنگ لڑی۔ وہ وفاق کی زنجیر تھیں۔ جب انہوں نے متنازع ڈیم کے خلاف آواز اٹھائی تو ملک کے سب شہروں سے قافلے آئے تھے، چاروں صوبوں نے بھائیوں کی طرح ایک ساتھ مل کر احتجاج کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 26ویں ترمیم سے پہلے، دوران اور بعد میں کینالز کے خلاف آواز اٹھائی۔ آپ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ آپ پاکستان کھپے کہنے والوں کے ساتھ ہیں۔ شہید بینظیر بھٹو ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوتی تھیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جب بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا تو کچھ لوگوں نے کوشش کی کہ سندھ سے "نہ کھپے” کے نعرے لگیں، لیکن آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو بچایا۔ ہم نے ہمیشہ مل کر جدوجہد کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری نے ملک سے آمریت کا خاتمہ کیا، 18ویں آئینی ترمیم دی۔ اس پرچم کو تھام کر ہم نے جنرل ضیاء اور مشرف کو شکست دی۔

ضمنی انتخابات کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جیت سب کو مبارک ہو۔ میں پیپلز پارٹی کے جیالوں کو عمرکوٹ میں کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔ سندھ کے عوام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے بار بار ثابت کیا کہ نہ میر کا، نہ پیر کا، ووٹ صرف بینظیر کا ہے۔ پیپلز پارٹی نے عمرکوٹ میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے، جہاں پی ٹی آئی اور ن لیگ ایک پیج پر تھیں اور پیپلز پارٹی کو ہرانے کے لیے سب اکٹھے ہو گئے تھے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں عمرکوٹ کے عوام کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے انہیں تاریخی شکست دی ہے۔ اصولی طور پر اس صوبے کے عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ آج بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے اسلام آباد کو ہرایا ہے۔ آپ نے ثابت کر دیا کہ صوبے کی عوام کینالز کے منصوبے کو مسترد کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے۔ جب بھی ہم کسی تحریک کے لیے نکلتے ہیں تو حیدرآباد ضرور آتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button