
خلیج اردو
سیؤل: پاکستان کے مایہ ناز جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا۔ ارشد ندیم نے 86.40 میٹر کی تھرو کے ساتھ حریفوں کو پیچھے چھوڑ کر پاکستان کو ایک اور تاریخی کامیابی دلائی۔
فائنل مقابلے میں ارشد ندیم نے مسلسل عمدہ تھروز کیں، پہلی تھرو 75.64، دوسری 76.80، تیسری 85.57 اور چوتھی 83.99 میٹر کی گئی۔ فیصلہ کن تھرو کے بعد ارشد ندیم نے سجدہ شکر ادا کیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
پاکستان نے 52 سال بعد ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل 1973 میں محمد یونس اور اللہ داد نے پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتا تھا۔
صدر آصف زرداری نے ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جیولن تھرو میں شاندار کارکردگی کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی بدولت سبز ہلالی پرچم کی شان میں اضافہ ہوا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ارشد ندیم کی جیت سخت محنت، لگن اور کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے۔ بھارت سمیت دیگر ممالک کے ایتھلیٹس کو شکست دینا بڑا اعزاز ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارشد ندیم اور یاسر سلطان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی نے قوم کی دعاؤں اور امیدوں کو نئی بلندی بخشی ہے۔
ارشد ندیم کے گھر اور ملک بھر میں جشن کا سماں رہا۔ والد نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور والدہ نے اسے پوری قوم کی فتح قرار دیتے ہوئے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے بیٹے کیلئے دعا کی۔






